Friday, 10 May 2019

پاک آرمی کا جوان قتل


ایبٹ آباد(سی پی پی )قلندر آباد بازار میں دیرینہ دشمنی کی بنا پر فائرنگ کر کے پاک آرمی کے سپاہی کو قتل کر دیا گیا، ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، مقتول کے لواحقین کی رپورٹ پر تھانہ مانگل میں نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔پولیس ذرائع کے مطابق صدام حسین شاہ پاک آرمی میں سپاہی کے فرائض انجام دے رہا تھا، صدام چھٹی پر گھر آیا، واپسی کیلئے جب وہ قلندر آبادبازار میں گاڑی کے انتظار میں کھڑا تھا کہ سرمد شاہ اور اس کے بیٹے نے اندھا دھند فائرنگ کر کے اسے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔فوجی جوان کے قتل کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی میرپور سرکل الطاف حسین اور ایس ایچ او تھانہ مانگل اشتیاق شاہ بمعہ نفری موقع پر پہنچ گئے اور نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ایوب ٹیچنگ ہسپتال منتقل کی۔ تھانہ مانگل میں سرمد شاہ اور اس کے بیٹے کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے پولیس نے چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔